راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) جہلم کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام بنایا جائیگا۔ ٹلہ جوگیاں تک رسائی کیلئے ٹریل کی بہتری اور کھیوڑہ میں نمک کی کان، قلعہ روہتاس، نندنہ کا قلعہ، سکندر اعظم کی گزرگاہ اور دیگر تاریخی مقامات تک سہولیات فراہمی اور سڑکوں کے نظام میں بہتری سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے دورہ میں کیا۔ کمشنر نے رسول بیراج، تاریخی باغاں والا گائوں، تحصیل آفس پی ڈی خان، اسپیشل ایجوکیشن سکول، اولڈ تحصیل آفس، کھیوڑہ کرکٹ سٹیڈیم سمیت مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بعدازاں میونسپل آفس میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔