لاہور(نمائندہ جنگ)نیب اسلام آباد کی ٹیم نے گزشتہ روز لاہور میں محکمہ خوراک پنجاب کے دفتر پر چھاپہ مارا اور چینی کی برآمد کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا۔نیب کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم چینی کی برآمد میں شوگر ملز مالکان کو اربوں روپے سبسڈی دینے کی انکوائری کر رہی ہے جس کے سلسلے میں نیب نے متعدد بار محکمہ خوراک سے گزشتہ تین سالوں کی برآمد کا ریکارڈ طلب کیا تھا تاہم محکمہ خوراک نے مسلسل ریکارڈ کی فراہمی میں لیت و لعل سے کام لیا۔انکوائری میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سکندر ایم خان کو بھی نیب طلب کر چکا ہے اور سکندر ایم خان گزشتہ ماہ نیب اسلام آباد پیش ہوکر مطلوبہ ریکارڈ نیب کو فراہم کرچکے ہیں۔