غزہ سے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین رہا کر دی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے تینوں خواتین کے اسرائیل پہنچنے کی تصدیق کردی۔
رہا ہونے والی خواتین میں 24 سالہ رومی گونن، 28 سالہ برطانوی نژاد ایملی دماری اور 31 سالہ ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی مغویوں کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے سپرد کیا۔ ریڈ کراس کی ٹیم حماس کی قید سے اسرائیلی مغویوں کو لینے کیلئے پہنچی تھی۔ یرغمالی خواتین میں رومی گونن، ایملی دماری، ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔
عالمی ریڈ کراس نے اسرائیلی خواتین کو اسرائیل کے خصوصی فوج یونٹ پہنچایا، خواتین کو غزہ کے نزدیک اسرائیلی فوجی مقام پر لے جایا گیا۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی مقام پر رہا ہونے والی اسرائیلی خواتین کا ابتدائی طبی معائنہ ہوگا، اسرائیلی خواتین کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد اسپتال پہنچا دیا جائے گا، اسرائیلی خواتین اسپتال میں ہی اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں گی۔
عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی خواتین کی رہائی کا عمل پورا ہونے پر اسرائیل 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا، اسرائیلی قید سے رہائی پانے والوں میں زیادہ تر فلسطینی خواتین اور بچے شامل ہوں گے، 90 فلسطینی قیدیوں کو مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس سے رہا کیا جائے گا، اسرائیلی قید میں موجود 90 فلسطینیوں میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔