• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، گلشن اقبال لیموں گوٹھ نالے سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے گلشن اقبال بلاک فور، لیموں گوٹھ نالہ سے متعلق مکینوں کی درخواست پر تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو گلشن اقبال بلاک فور، لیموں گوٹھ نالہ سے متعلق علاقہ مکینوں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا یہ لوگ کہاں جائیں گے ؟ انہیں کوئی متبادل دیا ہے؟ کمشنر کراچی نے بتایا حکومت کی معاوضہ کی پالیسی آئے گی تو متبادل دیا جائے گا۔ غیر قانونی تعمیرات ختم کردی گئی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ تصویروں میں تو تعمیرات نظر آرہی ہیں کیا کیا ہے آپ نے؟ ہمیں تو ایک فٹ کا بھی نالہ نظر نہیں آرہا آپ پینتیس فٹ کہہ رہے ہیں؟ اگر کسی کا قانونی حق ہے تو معاوضہ اور متبادل رہائش دی جائے۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دیئے کراچی میں نالے بند کیے ہوئے ہیں اس لئے سیلاب آتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیدیا۔

تازہ ترین