• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیرترین کی PTI سے باقی امید بھی جلد ختم ہوجائیگی، وزیراعلی سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  کا کہنا ہے کہ  جہانگیرترین کی ناراضی ہم ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں، جہانگیر ترین کو پی ٹی آئی سے کچھ امید باقی ہے جو جلد ختم ہوجائے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے نواب شاہ میں بختاور گرلز کیڈٹ کالج کا افتتاح اور پریڈ کا معائنہ کیا گیا، اس دوران انہوں نے پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

اس موقع  پر مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، کالج کی طالبات کا مستقبل تابناک ہے، گرلز کیڈٹ کالج خواتین میں عسکری صلاحیتوں کو بڑھانے میں کردار ادا کرے گا، پاکستان ایئر فورس اور سندھ حکومت کی کوششوں سے اس ادارے کو ترقی ملی ہے۔

تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی اور پاک فضائیہ کے سربراہ بھی موجود تھے۔

سید مراد علی نے مزید کہا کہ وفاق کے رویہ کی وجہ سے پورے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے، حکومت نے پالیسی رکھی ہے کہ کسی صوبے سے بات نہیں کرنی، وفاق اور سندھ کی چپقلش سے پورے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے، وفاق میں جو بیھٹے ہیں ان سے جلدی جان چھوٹے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نہ کسی صوبے نہ اپویشن سے بات کرتی ہے، سی سی آئی کا اجلاس تین ماہ میں ہونا چاہئے، چھ ماہ بعد اجلاس ہوا۔

مراد علی شاہ کا پی ڈی ایم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو پیپلزپارٹی نےبنایا، ہم پر توڑنے کے الزامات غلط ہیں،11 اپریل کو سی اے سی کا اجلاس ہے، یہ تمام باتیں واضح ہوجائیں گی۔

اُن کا کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو کنٹرول کرنا مشکل ہوگا،  اس وقت ضرورت ہے کہ جلد از جلد ویکسینیشن کرائی جائے۔

ویکسینیشن کی قیمت سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ  کورونا ویکسین کی قیمت ڈریپ مقرر کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں منہگائی کو کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

تازہ ترین