• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کی شرائط سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا کہ حکمرانوں کا یہ اعتراف کہ قرضے بڑھ رہے ہیں واپسی کے لئے مزید قرض لینا پڑ رہا ہے دو برس کتنی تنگی میں گزارے اس حقیقت کی واضح دلیل ہے کہ سلطنت عمرانیہ کو قرضے لینے اور قوم کو مفلوک حال کرنے کے لئے مسلط کیا گیا۔ ویکسین کی عوام کو فراہمی تو نہیں کی جاسکی قرض اتارنے کی فکر ستائے جارہی ہے۔ لوگ کورونا سے بچیں گے تو نیازی اینڈ کمپنی کے بنائے گئے ہوائی گھروں میں رہ پائیں گے۔ لاکھوں بیروزگار کروڑوں مقروض اپنے گھر کے اس دکھائے گئے خواب کو اپنی زندگی میں زندہ تعبیر دے پائیں گے۔ اس سوالیہ نشان پر تبدیلی سرکار نے ازخود اپنی مہر ثبت کردی ہے۔ یہ ناممکنات میں سے ہے کہ جو حکومت کسانوں کو ریلیف دینے میں یکسر بے حسی کا شکار ہو وہ کسانوں کے لئے رہائشی منصوبوں کو یقینی بنا سکے گی۔ ٹائم پاس کابینہ اور ترجمانوں کے ہوتے ہوئے تو ایسا ہونے سے رہا جن کے پاس لفاظی دعوئوں کے سوا اب کچھ بچا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین تو پرامن احتجاج کررہے ہیں اپنی معاشی ناآسودگی کا رونا رو رہے ہیں مگر ڈی چوک پر جو ہوا اس کی تو پوری قوم گواہ ہے۔ سلطنت عمرانیہ کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں خطرہ اس کے اندر منڈلا رہا ہے۔ اگر روزاول ہی سے مسئلے کے حل میں ذرا بھر بھی دلچسپی و توجہ دکھائی جاتی تو نہ ہی دھرنا طول پکڑتا اور نہ ہی شہری ذہنی اذیت کا شکار ہوتے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ 50 کروڑ ڈالر کے قرض کے حصول کیلئے جو کڑی شرائط منوائی گئیں ان سے ملک ناقابل بیان مہنگائی اور معاشی بدحالی کے آسیب میں جکڑا جائے گا قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کا رونا رونے والوں نے تو خود قوم کے ہاتھ پائوں باندھ کر آئی ایم ایف کے سامنے ڈال دیا ہے پھر یہ آہ و بقاء کیوں۔ قرض لینے کے سابقہ تمام ریکارڈ تو خود تبدیلی سرکار نے توڑ دیئے ہیں۔
تازہ ترین