• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

(گزشتہ سے پیوستہ)

اگر آپ آج فارغ ہیں تو اردو لغت نکالیں اور اُس میں درویش، صوفی اور سالک کا مطلب تلاش کریں اور پھر اِسے میری کیوری کی زندگی پر منطبق کرکے دیکھیں، اِن الفاظ کے معنی خود بخود آشکار ہو جائیں گے۔ مادام کیوری وہ عورت تھی جو اگر چاہتی تو اپنی سائنسی دریافت کے ذریعے جائز طریقے سے کروڑوں ڈالر کما سکتی تھی مگر اُس نے ایسا نہیں کیا، اُلٹا جو انعامی رقم اسے زندگی میں ملی وہ فلاحی کاموں میں خرچ کر دی اور اپنی جمع پونجی سائنس کی راہ میں لُٹا دی۔ درویشی کا عالم یہ تھا کہ نمود و نمائش اور شہرت سے دور بھاگتی تھی، کبھی کوئی پہچان لیتا تو کہتی کہ میں کیوری نہیں ہوں۔ ہم اکثر یہ دلیل دیتے ہیں کہ مغربی ممالک نے پہلے ایک مثالی نظام حکومت قائم کیا اور پھر وہاں سائنسی علوم کی سرپرستی شروع ہوئی۔ یہ دلیل شاید درست نہیں۔ جس قسم کی مشکلات میری کیوری کو اپنی سائنسی تحقیق کے دوران پیش آئیں اُن کی نوعیت بالکل ویسی تھی جیسی کسی عورت کو پسماندہ ملک میں پیش آتیں۔ اپنے شوہر کے ساتھ جب اسے پہلی مرتبہ نوبل انعام ملا تو لوگوں نے کہاکہ اصل کام تو مرد نے کیا ہوگا جبکہ حقیقت یہ تھی کہ دونوں میا ں بیوی جب لیبارٹری میں کام کرتے تو مشترکہ نوٹس لیتے اور لکھتے کہ ’آج ہم نے یہ دیکھا‘ یا ’آج ہم میں سے ایک نے یہ دریافت کیا!‘سائنس اُن کا عشق تھا اور وہ دونوں ایک دوسرے کے عاشق تھے۔

میری کیوری نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر ایک گودام نما لیبارٹری میں تحقیق شروع کی اور دو نئے عناصر دریافت کیے۔ ایک کا نام ،اپنے وطن پولینڈ کی نسبت سے، ’پلونیئم‘ رکھا اور دوسرے کا نام ’ریڈیم‘۔ 1903میں میری کیوری کو لندن کے رائل انسٹیٹیوٹ میں ریڈیم کے موضوع پر لیکچر دینے کے لئے مدعو کیا گیا۔ بیسویں صدی کے لندن کا یہ حال تھا کہ کسی عورت کومردوں کے درمیان بیٹھ کر لیکچر سننے کی اجازت نہیں تھی اور عورت کے خطاب کرنے کا تو خیر تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ تاہممصیبت یہ تھی کہ میری نے ریڈیم دریافت کیا تھا، اِس لئے مجبوراً رائل انسٹیٹیوٹ کو میری کو اجازت دینی پڑی اور یوں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی عورت نے وہاں بیٹھ کر لیکچر سنا۔ 1903ہی وہ سال تھا جب میری کو اپنے شوہر اور معاون سائنس دان کے ساتھ نوبل انعام کے لئے نامزد کیا گیا۔ بدقسمتی سے اُس سال کیوریز اپنا انعام وصول کرنے نہ جا سکے کیونکہ ریڈیم کی تحقیق کے دوران ہونے والے تابکاری کے اثرات نے انہیں بیمار کر دیا تھا۔ 1906میں ایک حادثے میں میری کے شوہر کی جان چلی گئی ،اِس حادثے نے میری کو ہلا کر رکھ دیا۔فرانس کی حکومت نے میری کو وظیفے کی پیشکش کی مگر میری نے کہا کہ ’میں ابھی اتنی جوان ہوں کہ اپنے اور اپنے بچوں کو خود کما کر کھلا سکتی ہوں‘۔ پھر میری کو ایک اور دریا کا سامنا پڑا۔ برطانیہ کے سائنس دان لارڈ کیلون نے لندن ٹائمز میں مضمون لکھا جس میں اُس نے دعوی کیا کہ ریڈیم کوئی عنصر نہیں ہے، بالآخر چار برس کی محنتِ شاقہ کے بعد 1910میں مادام کیوری نے خالص ریڈیم کو دنیا کے سامنے ثابت کردیا۔ لارڈ کیلون غلط تھا مگر اسے فوت ہوئے اب تین برس ہو چکے تھے۔ 1911میں پیرس کے اخبارات نے میری کا اسکینڈل شائع کیا جس میں الزام لگایا کہ اُس کا ایک شادی شدہ شخص کے ساتھ معاشقہ ہے۔اِن خبروں نے میری کے خلاف ایک فضا بنا دی، لوگ اُس کے گھر کے باہر کھڑے ہو کر نفرت انگیز نعرے لگاتے اور کہتے کہ ’اِس غیرملکی عورت کو باہر نکالو‘۔ میری نے مگر کسی الزام کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔ اِس دوران 7نومبر 1911کو میری کو ایک ٹیلی گرام موصول ہوا جس میں یہ خوشخبری سنائی گئی تھی کہ اسے دوسری مرتبہ کیمسٹری کے شعبے میں نوبل انعام دیا جا رہا ہے۔ بدقسمی سے میری کا یہ کارنامہ اُس کے اسکینڈل کے نیچے دب گیا۔ ’کون سی رات زمانے میں گئی جس میں میر، سینہ چاک سے میں دست و گریباں نہ ہوا‘۔

میری کیوری نے انسانیت کے لئے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس کے لئے شاید وہ امن کے نوبل انعام کی حقدار بھیتھی۔ پہلی جنگ عظیم شروع ہوئی تو میری نے انعام میں ملنے والی رقم سے جنگ کے بانڈ خرید لئے حالانکہ اسے اچھی طرح علم تھا کہ جنگ کے بعد ان کی قدر ایک ٹکے کی بھی نہیں ہوگی۔ اُس نے اپنے تمام طلائی تمغے بھی حکومت کو عطیہ کر دیے مگر حکومت نے وہ قبول نہیں کیے۔ میری کو پھر بھی چین نہیں آیا۔اُس نے سوچا کہ جنگ کے دوران زیادہ تر اموات بروقت ایکسرے نہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں تو کیوں نہ ایکسرے مشینیں بنائی جائیں۔ پہلے اُس نے خود ایکسرے کرنا سیکھا اور پھر دوسروں کو سکھایا، اپنی سترہ برس کی بیٹی کو بھی۔اِس بیٹی نے بعد ازاں اپنے شوہر کے ساتھ ایک اور نوبل انعام جیتا۔ جنگ کے دوران میری کیوری نے ہلالِ احمر کی مدد سے ایک ٹرک کو موبائل ایکسرے یونٹ میں تبدیل کیا۔ اِس کا فائدہ یہ ہوا کہ کہیں بھی جھڑپ ہوتی تو وہ اپنا موبائل یونٹ لے کر قریبی اسپتال میں پہنچ جاتی جہاں زخمی لائے جاتے اور پھر تیس منٹ کے اندر اندر ایکسرے روم بنا کر پہلے مریض کا ایکسرے کرنے کے لئے تیار ہو جاتی۔ میری نے بہت جلد اِن اسپتالوں میں ایکسرے یونٹ بنا دیے بلکہ دو سو لوگوں کی تربیت بھی کر دی تاکہ وہ میری کی مدد کے بغیر یہ ایکسرے یونٹ چلا سکیں۔ یوں میری نے بیس ایکسرے یونٹ بنائے۔ جنگ ختم ہوئی تو پتا چلاکہ میری کیوری کے تیار کردہ موبائل ایکسرے یونٹ اور اسپتالوں میں اس کے تربیت یافتہ لوگوں نے قریباً دس لاکھ زخمیوں کا ایکسرے کیا اور قیمتی جانیں بچائیں۔ میرے خیال میں ﷲ، جو اِس کائنات کا سب سے بڑا منصف ہے، میری کیوری کو صرف کلمہ نہ پڑھنے پر جنت میں داخل ہونے سے نہیں روکے گا اور اسی طرح ایک ایسا شخص جو چار چار سال کی بچیوں کا ریپ کرتا ہے، کیسے جنت میں داخل ہو سکتا ہے؟

نوٹ:اِس کالم میں بیان کیے گئے تمام واقعات اور حقائق Carla Killoughکی کتاب Something out of Nothing سے لئے گئے ہیں۔

تازہ ترین