پشاور( ارشد عزیز ملک ) پشاور میں سرکاری ملازمین کی سب سے قدیم اورمیگا ہائوسنگ سوسائٹی ریگی ماڈل ٹاؤن کو تقریبا 28سال گزر جانے کے باوجود بھی مکمل نہیں کیا جاسکا۔1993میں پلاٹ حاصل کرنے والے زیادہ تر ملازمین وفات پاچکے ہیں لیکن ان کے بچوں کو بھی ابھی تک پلاٹوں کا قبضہ نہیں ملا ہے۔حکومت اب تک ہاؤسنگ سوسائٹی میں پانچ میں سے صرف دو زونز کھولنے میں کامیاب رہی ہے ، لیکن دونوں زونز میں بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔خیبرپختونخوامیں 2013 سے تحریک انصاف اقتدار میں ہے لیکن وہ ریگی ماڈل ٹائون کے تین زونزکے دیرینہ تنازعہ کو طے نہیں کر سکی۔پی ڈی اے نے ہائوسنگ سوسائٹی میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا جبکہ زون چہارم میں ایک بھی مسجد نہیں ہے۔ ریگی ماڈل ٹاؤن کے رہائشی ایل این جی کے مہنگے ترین ٹیرف پر اپنے گیس کے بل ادا کر رہے ہیں۔