• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک سیریل ”کرولوس عثمان“ آج سے جیو ٹی وی پر دیکھیں، نیا سیریل ”عشق جلیبی“ بھی یکم رمضان سے چاہتیں بکھیرنے کو تیار

کراچی (جنگ نیوز) ترکی کی مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ”کرولوس عثمان“ یکم رمضان سے ”جیو ٹی وی“ کے شائقین کی دلچسپی کیلئے خصوصی طور پر اُردو زبان میں ڈب کرکے پیش کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹیمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کیا گیا ڈرامہ سیریل ”عشق جلیبی“ یکم رمضان سے ناظرین کے دِلوں میں اپنی چاہتیں بکھیرنے کو تیارہے۔ تفصیلات کے مطابق پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹیمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کیا گیا ڈرامہ سیریل ”عشق جلیبی“ کا یکم رمضان سے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر آغاز ہوگا۔ ڈرامہ سیریل میں دکھائے گئے چاہتوں کے سلسلے میں خاندان کی پرانی رنجشوں کو صائمہ اکرم چوہدری کے قلم نے مزاح کے خوبصورت پیرائے میں تراشا ہے۔سید وجاہت حسین کی ہدایات میں باؤجی کی اولادیں کئی برسوں کے فاصلے سمیٹ کر لوٹیں گی جہاں بالو شائی اور پیٹھے کی خاموش چاہتیں پہلے سے اُن کا استقبال کرنے کو تیار ہوں گی۔ ڈرامہ سیریل کے ساؤنڈ ٹریک کی صورت میں وجیہہ فاروقی نے اپنی کمپوزیشن اور آواز کے ساتھ دو دلوں کی چاہتوں کو ناظرین کے دِل تک پہنچادیا ہے۔ انڈسٹری کے بڑے ستاروں کی جھرمٹ میں نوک جھونک، تکرار اور اِن میں رچا بسا پیار،وقت کے فاصلوں سے نکال کر پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی اِس خاندان کو محبت کی ڈور میں پیرونے والے ہیں۔ ”عشق جلیبی“ روزانہ رات 9 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر ہوگا۔ دوسری طرف اسلامی اقدار اور مسلم تاریخ کی عکاسی کرتے تاریخی پس منظر پر مشتمل ترکی کا بلاک بسٹر سیریل ”کرولوس عثمان“ یکم رمضان سے روزانہ شام4 بجکر30 منٹ پر نشر ہوگا۔ یاد رہے کہ ترکی کی بہترین پروڈکشن ”کرولوس عثمان“ نے ناصرف ترکی میں تہلکہ مچایا بلکہ اِس کی شہرت کے سبب اِسے کئی ممالک میں مختلف زبانوں میں ڈب کرکے پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین