• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی ٹوئنٹی: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 204 رنز کا ہدف دیدیا

جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 204 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔ 

سنچورین میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

قومی ٹیم کے کپتان کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب جنوبی افریقی اوپنرز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ابتدائی 10 اوورز میں ہی 100 کا ہندسہ عبور کر ڈالا۔ 

اننگز کے گیارہوں اوور میں آئیڈن مارکرم 63 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے باوجود ہوم ٹیم کے اسکور بڑھنے کی تیزی کم نہ ہوئی۔ 

ایک کے بعد ایک بیٹسمین وکٹ پر آتا گیا اور اپنا حصہ ڈالتا گیا اور اس طرح جنوبی افریقہ نے بورڈ پر 203 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل سجا دیا۔ 

مارکرم کے علاوہ جنوبی افریقہ کی جانب سے یانیمن ملان نے 55، وینڈر ڈوسن نے 34، جارج لِنڈا نے 22 اور ہینرچ کلاسین نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے دو جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سنچورین میں کھیلے جارہے اس میچ میں تین تبدیلیاں کی گئی تھی، قومی ٹیم میں شرجیل خان، عثمان قادر اور محمد حسنین کی جگہ فخر زمان، آصف علی، اور حارث رؤف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ 

پاکستان ٹیم کپتان بابراعظم، محمد رضوان، فخرزمان، محمد حفیظ، حیدرعلی، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔

جنوبی افریقہ ٹیم کپتان ہینریک کلاسین، آئیڈن مارکرم، جانیمن ملان، روسی وین ڈر ڈوسین، وین بلیون، جارج لِندا، اینڈائل پھیخلوکوائیو، سساندا ماگالا، بیورن ہینڈرکس، لزاد ولیمز اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔ 

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر ہے، جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم کم از کم سیریز میں شکست سے بچ جائے گی۔

تازہ ترین