کراچی (این این آئی)مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی دو سال سے پی پی پی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کیلئے انتظار کر رہی ہے مگر پارٹی پر ڈیل کے الزامات تو لگتے ہیں مگر انصاف نہیں ملتا، خوشی ہے کہ ن لیگ والوں کو عدالت سے ریلیف مل رہا ہے، ہم انصاف کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آج انہوں اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا ہے ۔ شازیہ مری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کے ن لیگ کو رلیف مل رہا ہے، پہلے مریم نواز شریف کو اب شھباز شریف کو ضمانت پر رلیف ملا ہے ۔ اپنے ایک اور پیغام میں شازیہ مری نے کہا کہ پی پی پی اس نااہل حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پی ڈی ایم اس نااہل حکومت کیخلاف اپوزیشن میں موجود جماعتوں کا اتحاد ہے، یہ نہ تو خدانہ خواستہ کوئی انضمام ہے اور نہ ہی ایک پارٹی ہے۔ مزید کہا کہ اس اتحاد میں تو وہ پارٹی بھی شامل ہے جس نے جنرل مشرف کو وردی میں صدر بنایا تھا۔