کراچی (ٹی وی رپورٹ)رہنما ن لیگ ایاز صادق نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کی ضمانت ڈیل کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے،امید ہے شہباز شریف کے آنے سے حالات بہتری کی طرف جائیں گے،سیاسی جماعتوں کو آپس کے رابطے کبھی نہیں توڑنے چاہئیں۔میں تو اپنے حکومتی دوستوں کو بھی کہتا تھا کہ رابطے مت توڑیں یہ جو آپ ہر وقت اپوزیشن کا رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔آپ رابطے نہیں رکھیں گے تو رابطے رکھنادوسری طرف کی بھی ضرور ت نہیں ہوگی۔گلے شکوے ضرور کریں لڑائی جھگڑا بھی کرلیں لیکن تعلق ختم نہیں کرنا چاہئے۔شہباز شریف جلد مولانا سے ملیں گے۔امید ہے شہباز شریف کے آنے سے حالات بہتری کی طرف جائیں گے۔اگر ڈیل ہوئی ہوتی تو ایک کے بعد ایک کیسز نہیں کھل رہے ہوتے۔ن لیگ کے کس رہنما کو چھوڑا گیا ہے مگرنکل کچھ نہیں رہا ہے ۔اگر الزام لگانا چاہیں تو ہم بھی کہہ سکتے ہیں کہ کیسز سندھ منتقل ہورہے ہیں۔میں الزام نہیں لگانا چاہتا اس لئے کہ ہمیں اس ملک کی بہتری کے لئے کبھی نہ کبھی تو ساتھ بیٹھنا ہے۔پیپلز پارٹی کے رویئے سے ن لیگ کے لوگوں کو دکھ ہوا ہے۔