اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی جانب سے جمعرات کو علماءکرام کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی، وزیر مملکت علی محمد خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دیا گیا کوئی بھی دھرنا ایسا نہیں ہے جس میں لوگوں کی جانیں ضائع نہ ہوئی ہوں، نور الحق قادری نے کہا کہ رسول اکرم کو اللہ نے سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، ان سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی ہستی نہیں ، ان کی عزت اور تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ملک میں تشدد کی جو لہر پیدا کی جا رہی ہے یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے منافی عمل ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے، مومن مومن کا بھائی ہے، افواج پاکستان، سکیورٹی ادارے اور پولیس ہماری ہے، یہ ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں، ان پر تشدد کسی طرح بھی جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے ناموس رسالت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ تقریب میں موجود دیگر علماءکرام نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، کوئی شخص اور مسلمان یہ بردداشت نہیں کر سکتا کہ حضور اکرم کی شان میں کوئی گستاخی کرے، اگر کوئی شخص ایسا عمل کرتا ہے تو اس کے لئے بہترین طریقہ یہی ہے کہ حکومت وقت، ہمارے ادارے، ہمارے علماءمل بیٹھ کر اس بارے میں لائحہ عمل مرتب کریں۔