• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمہ بنانے سے پہلے میرے اور عمران کے بیانات کا موازنہ کرلیں، رانا ثناء


لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری مقدمہ درج کرائیں اور مدعی خود بنیں، ہم نے پہلے بھی جرأت سے مقدمات کا سامنا کیا،لیکن مقدمہ بنانے سے پہلے میرے اور عمران خان کے بیانات کا موازنہ کرلیں، یہ حکومت بوکھلا چکی ہے ان کا احتساب کا منترہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتے کو ایک انٹرویو اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری کو چاہیے اپنے لیڈر کے بیانات کا جائزہ لیں، انکے لیڈر پولیس افسران کا نام لے لیکر کہتے رہے کہ انہیں پھانسی دینگے، حکومت کو خود یاد نہیں رہتا کہ انہوں نے کب کیا کہا، اپوزیشن کیخلاف بے بنیاد مقدمات درج کرانا حکومت کا مقصد ہے، فواد چودھری شروعات کریں، انہیں شواہد کیساتھ عدالتوں میں لیکر جائینگے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ حکومت بوکھلا چکی، ان کا احتساب کا منترہ بری طرح پِٹ چکا ہے، سلیکٹڈ ٹولے نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ذمے دارانہ ہے، ہمیں پیپلزپارٹی کا احترام ہے، پیپلزپارٹی کل کسی ایک موقف پر ہمارے ساتھ تھی آج اختلاف ہوگیا، ہوسکتا ہے کل پھر پیپلزپارٹی سے ہمارا کسی بات پر اتفاق ہو،لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جس ملک کا وزیرخزانہ 6، 6 مہینے کیلئے لگایا جائے وہ ملک کیا ترقی کریگا۔

تازہ ترین