بھارت کے مقبول ترین کامیڈین پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ سے شہرت پانے والی خاتون کامیڈین اسٹار سوگندھا مشرا نے بھارتی مزاح نگار و اداکار سنکیت بھوسلے سے منگنی کرلی۔
اس حوالے سے سوگندھا مشرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی منگنی کی تقریب کی تصویریں شیئر کیں جن میں اُن کے ہمراہ اُن کے منگیتر سنکیت بھوسلے کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
منگنی کی تقریب میں سوگندھا مشرا نے سِلک کی خوبصورت میکسی زیب تن کی جبکہ اُن کے منگیتر نے اس موقع پر سیاہ رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔
سوگندھا مشرا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں منگیتر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ’ہمیشہ کا ساتھی۔‘
اس کے علاوہ ایک اور پوسٹ میں اُنہوں نے محبت بھرے پیغامات کے لیے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب اداکار سنکیت بھوسلے نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر اپنی منگیتر سوگندھا مشرا کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے میری روشنی مل گئی۔‘
واضح رہے کہ ’دی کپل شرما شو‘ ناصرف بھارت میں مقبول ہیں بلکہ سرحد کے اِس پار یعنی پاکستان میں بھی اس شو کو خوب مقبولیت ملی ہے۔
اس شو میں پاکستان سے اب تک وسیم اکرم بمعہ اہلیہ شنیرا اکرم، شعیب اختر، راحت فتح علی خان، فواد خان اور شعیب ملک بمعہ اہلیہ ثانیہ مرزا، مومل شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات شرکت کرچکی ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہونے پر بند کیا جانے والا معروف بھارتی شو ’دی کپل شرما شو‘ کا مئی سے نئے انداز میں دوبارہ آغاز کیا جارہا ہے۔
جنوری میں بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے’کپل شرما شو‘ بھی مالی مشکلات کا شکار ہوا اور شو انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ فروری سے اس شو کو بند کردیا جائے۔