وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نےکہا ہے کہ آج کابینہ کے اجلاس میں شوکت ترین موجود تھے، انہیں ویلکم کیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہاکہ کابینہ نے وفاق کے زیرانتظام 5 اسپتالوں کے ایم ٹی آئی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ بڑے اسپتالوں سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ وہ وفاق کے پاس ہونے چاہیے، وفاقی حکومت کی خواہش نہیں تھی کہ وہ ان اسپتالوں کو چلائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ چاہتے ہیں صوبے کے ساتھ مل کر میکنزم بنائیں اور اسپتالوں کو چلایا جائے، ہماری کوشش ہے کہ اسپتالوں سے متعلق صوبے کا تعاون حاصل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کراچی میں وفاق کے زیرانتظام اسپتالوں کو مل کر چلایا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے کراچی سے کابل تک یونیسیف کے کنٹینرز کی ترسیل کی منظوری دی گئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف جانا چاہتے ہیں اس نظام کا عملی مظاہرہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے لیے ایک مشین پاکستان میں تیار کی گئی ہے جبکہ دوسری باہر سے منگوائی گئی ہے۔
دوران گفتگو انہوں نے حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔