• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک لبیک پاکستان کو دہشت گرد تنظیم نہیں سمجھتا، علی محمد خان


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے تحریک لبیک پاکستان کو دہشتگرد تنظیم ماننے سے انکار کردیا۔ جیو کےپروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کو دہشتگردتنظیم نہیں سمجھتا ہوں، امن و امان کے حالات کی وجہ سے تحریک لبیک پر پابندی لگی، ٹی ایل پی پر پابندی ہٹانے کیلئے پراسس کے تحت آگے بڑھیں گے، کوئی بھی شخص جو عاشق رسول ہو وہ دہشتگرد کیسے ہوسکتا ہے، کالعدم تحریک لبیک کا شکر گزار ہوں انہوں نے حکومتی وفد کے ساتھ تعاون کیا، ایم پی او کے تحت گرفتار لوگوں کورہا کردیا جائے گا،حکومت ابصار عالم پر حملہ کرنے والوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی۔

پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت جواب دے ٹی ایل پی آج بھی دہشتگرد تنظیم ہے یا نہیں ہے، تحریک لبیک کے ساتھ کیا گیا نیا معاہدہ پالیسی بیان کی صورت سامنے لایا جائے، ابصار عالم جیسے دھیمے آدمی پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، حکومت فرانس کے سفیر سے متعلق اپنی پوزیشن بتائے تاکہ اس پر بحث کرسکیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ اسے سنجیدہ اور بالغ نظر اپوزیشن ملی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے جلتی پر تیل ڈالنے والا کوئی کام نہیں کیا، وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیلا ہے،ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس حملے میں ملوث لوگوں کو سخت سزا ملنی چاہئے۔

میزبان حامد میر نے پروگرام میں سابق آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کا پیغام بھی سنایا، طاہر عالم پیغام میں کہتے ہیں کہ آپ کو سمجھ آجانی چاہئے پولیس اس قسم کے احتجاجی مظاہروں کے دوران مظاہرین کیخلاف ایکشن لینے میں کیوں ہچکچاتی اور سست روی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

تازہ ترین