وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں آئینی، اخلاقی اور سیاسی اقدار کی دھجیاں اڑا دیں، حیرت ہے کہ ایسے گرے ہوئے خیالات کا شخص نون لیگ کی طرف سے وزیراعظم رہ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کا تقدس پامال کرنے پر شرمندہ ہونا چاہیے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کر کے خود اپنے منہ پر کالک ملی ہے، حکومت مخالف بیانات دینے والی پیپلز پارٹی وقت آنے پر چور گلی سے بھاگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کے پرامن خاتمے پر وزیر اعظم اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
عمران خان توہین رسالت اور توہین مذاہب کے مستقل خاتمے پر کام کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ تمام مسلمان ممالک کے سربراہان کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔