اسلام آباد (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی جوتا مارنے والی بات کا نوٹس لےلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ دیا گیا ہے جسکے متن کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا، 7 دن میں معذرت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں جبکہ شہباز گل اور صداقت عباسی کا کہنا ہے کہشاہدخاقان کا رویہ غیر اخلاقی ہے قومی اسمبلی میں داخلے پر پابندی لگائی جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر شاہد خاقان عباسی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان کے طرزعمل سے اسمبلی کی کارروائی آسانی سے چلانے میں رکاوٹ ہوئی اور انہوں نے اپنے طرز عمل سے کارروائی میں خلل پیدا کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ہے، مقررہ وقت میں جواب نہ دینے پر تصورہوگا کہ شاہدخاقان عباسی کودفاع میں کچھ نہیں کہنا۔
دریں اثناپاکستان تحریک انصاف نے شاہدخاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگائیں۔
بدھ کو وزیراعظم معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ میں جو زبان استعمال کی وہ کسی طور پر پارلیمانی کلچر نہیں، ان کے مدمقابل امیدوار صداقت علی عباسی نے انتخابات میں حلقہ میں سب سے زیادہ ووٹ لئے تھے ۔