ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں دھماکے کے وقت چین کے سفیر ہوٹل میں موجود نہیں تھے، واقعے میں کوئی چینی شہری متاثر نہیں ہوا، دہشتگردی کے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ہو رہی ہیں، حکومت ملک میں چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین تمام موسموں کے دوست ہیں، حکومت پاکستان چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام دیرینہ مسائل نتیجہ خیز بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں مگر بات چیت کے لیے بنیادی مسئلہ کشمیر پر بات ہونا ضروری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی بنیادی آزادی ہے، کشمیری مسلسل خوف اور دہشت کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت کلبھوشن جادیو کے معاملہ پر پاکستان کو نہ بند گلی میں دھکیل سکتا ہے اور نہ ایسا ممکن ہے بھارت کو بارہا کلبھوشن کے لئے قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا کہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء کی بات کی امریکی افواج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں سیکیورٹی انخلاء پیدا نہیں ہونا چاہیے۔