• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی تیسری لہر: آغا علی بھی طلبہ کے حق میں بول پڑے

معروف اداکار و گلوکار آغا علی نے بھی کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال دیکھتے ہوئے حکومت سے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

آغا علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے ملک بھر سے طالب علموں کے لاتعداد پیغامات موصول ہورہے ہیں اور وہ بالکل درست کہہ رہے ہیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’تقریباََ تمام تعلیمی ادارے بند ہوکر آن لائن کی طرف جاچکے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی یہ تیسری لہر بہت ہی خطرناک ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس کی اس لہر دُنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی کئی افراد کی جان لے چکی ہے، ایسے میں طلباء کے فیزیکل امتحانات خطرے سے کم نہیں ہے۔‘

آغا علی نے طلباء کے حق میں اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ’براہِ کرم! امتحانات منسوخ کرکے طلباء کو اُن کے پچھلے ریکارڈ کی بنیاد پر پروموٹ کردیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’اس وقت پورا ملک ہی کورونا وائرس کی وجہ سے پریشر میں ہے اور ایسے میں امتحانات کی وجہ سے طلباء کو ذہنی دباؤ دینا درست نہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مہربانی کرکے اس مسئلے کی طرف توجہ دیں۔‘

آغا علی نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ CancelExams کا بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد خوف ناک حد تک تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب تک کی اموات کی تعداد 16ہزار 842 ہوگئی جبکہ ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح تقریبا گیارہ فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 842 ہو گئی ہے جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 84 ہزار 108 ہو چکی ہے۔

تازہ ترین