وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ایکسپلوریشن سرگرمیوں سے ملکی آئل و گیس کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔
اسلام آباد میں پٹرولیم کنسیشن اور ایکسپلوریشن لائسنس پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای اینڈ پی کارروائیوں سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپلوریشن سرگرمی کے دوران کمپنیاں 24 اعشاریہ 68 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کریں گی۔
حماد اظہر نے مزید کہا کہ پنجاب میں تھرمل منصوبے سے 12 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، منصوبے سے فیصل آباد ڈویژن میں بجلی کی ترسیل بہتر ہو گی۔
وفاقی وزیرِ توانائی کا یہ بھی کہنا تھا کہ منصوبے سے صارفین کو فائدہ ہو گا، منصوبہ اس سال کےآخر تک آپریشنل ہو جائے گا۔
پٹرولیم کنسیشن اور ایکسپلوریشن لائسنس کے حوالے سے جاری کیئے گئے اعلامیئے کے مطابق 3 آئل و گیس کے بلاکس او جی ڈی سی ایل نے حاصل کیئے۔
اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ 2 آئل و گیس بلاکس کا ایکسپلوریشن لائسنس او جی ڈی سی ایل اور ماڑی پٹرولیم نے اشتراک سے حاصل کیا۔
اعلامیئے میں مزید کہا گیا ہے کہ 1 آئل و گیس بلاک میں او جی ڈی سی ایل اور پاکستان پٹرولیم کمپنی کی پارٹنر شپ ہے۔
اعلامیئے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایکسپلوریشن کمپنیاں سالانہ خطیر رقم ہر بلاک میں سوشل ویلفیئر منصوبوں پر خرچ کرنے کی بھی پابند ہوں گی۔