• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ دھماکا، دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے، سلامتی کونسل

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 21؍ اپریل کو کوئٹہ میں بزدلانہ دہشت گردی کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ دہشت گردی کے ذمہ داروں، آرگنائزرز، مالی وسائل فراہم کرنے والوں اور اسپانسرز کو انصاف کے کٹہروں میں لانے کی ضرورت ہے۔ 

سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیتے ہوئےعالمی قانون اور سلامتی کونسل کی منظور شدہ متعلقہ قراردادوں کے تحت اقوام متحدہ کے رکن ممالک کوان کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے انہیں حکومت پاکستان اوردیگر اداروں سے اس بارے میں تعاون کرنے پر زور دیا۔ 

کونسل نے دہشت گردی کے اس گھنائونے واقعہ کی سخت مذمت کی اور متاثر ہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور گہری ہمدردی کااظہار کرتےہوئے زخمیوں کی صحت یابی کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کونسل نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل اور اندازکی ہو وہ عالمی امن اور سلامتی کیلئے سخت خطرہ ہے اور دہشت گردی کے و اقعات کے ذمہ داروں اور کسی بھی طرح وابستہ افراد کا سخت احتساب کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے۔ 

21؍ اپریل کو کوئٹہ میں دہشت گردی کے و اقعہ کی سخت اور واضح الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے دہشت گردی کے تمام واقعات کو جرم اور محرکات کو غیر منصفانہ قرار دیتےہو ئے تمام ممالک پر دہشتگردی کے خلاف اقوام متحدہ کے منظور، عالمی قانون کے تقاضوں، عالمی حقوق انسانی کے قانون کے تقاضوں کے تحت جنگ کرنے کوتمام ممالک کی ذمہ داری قراردیا۔ کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

تازہ ترین