لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ش لیگ چاہنے والوں کو مایوسی ہوگی،PTIکا بڑا گروپ دیگر جماعتوں سے رابطے میں ہے،بہانہ جہانگیر ترین گروپ کا ہے لیکن لوگ اب اس حکومت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے ،یہ لوگ عمران خان کی نالائقی کا بوجھ اب نہیں اٹھا سکیں گے ۔
پی ڈی ایم میں ن لیگ کی نمائندگی شہباز شریف کرینگے،73سال میں اتنی نااہل حکومت نہیں آئی، بلاول سے میرا اچھا تعلق ہے، راہیں جدا کرنے کی ذمہ دار پیپلزپارٹی، وہ میرا ہدف نہیں،کورونا کی تیزی کی وجہ سے کراچی کا دورہ ملتوی کیا۔
حلقہ این اے249 کے مسائل کا پتہ ہےانہیں حل کرینگے،شہرقائد کے ساتھ جو ہونا تھا ہو چکا،اب عوام ووٹ سے فیصلہ کرینگے کس کو مورد الزام ٹھہراناہے،چئیرمین پیپلز پارٹی کے ساتھ میرا بہت اچھا تعلق ہے سیاسی مقابلے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
نالائق وزیر اعظم کے دور میں چینی 130روپے کلو بیچی جا رہی ہے،73سال میں اتنی نااہل ،جھوٹی حکومت نہیں آئی، ایک دوسرے سے گندے کپڑے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ حقیقی تبدیلی عمران خان کے جانے سے آئے گی اس لئے وزراء کی بار بار تبدیلی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
مسلم لیگ (ن) بازار میں خریدار بنے بغیر ہی بہت کچھ کر جائے گی ،میں انتہائی سوچ سمجھ کر اپنی حکمت عملی اور اہداف طے کرتی ہوں اور پیپلز پارٹی ہرگز میرا ہدف نہیں ہے۔
پی ڈی ایم کی تحریک کی وجہ سے حکومت لرزتی رہی اور ابھی تک سنبھل نہیں سکی ، رمضان المبارک کے بعد کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور اب بھی پی ڈی ایم عوام کی توقعات کی ترجمانی کر ے گی ۔