ملتان میں تیزاب پھینکے اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے 2مختلف واقعات پیش آئے۔ ایک واقعے میں سڑک پر سوئے مزدور کو پیڑول چھڑک کر آگ لگادی گئی ۔ دوسرے واقعے میں گھر کے صحن میں سوئی ماں اور اس کے تین بچوں پر تیزاب پھینک کر جلایا گیا۔
مزدور کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا افسوسناک واقعہ ملتان کے علاقے سمیجہ آباد میں پیش آیا۔ 27 سالہ کاشف فٹ پاتھ پر سویا ہوا تھا کہ اس پر 2نامعلوم افراد نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے کاشف کے جسم کا 50فیصد حصہ جھلس گیا جسے نشتر اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسرا واقعہ ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے چک سردار پور میں پیش آیا، جہاں پولیس کےمطابق ممتاز بی بی اپنے تین بچوں کے ساتھ گھر کے صحن میں سورہی تھی کہ نامعلوم افراد تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے۔
تیزاب سے خاتون اور اس کے بچے بری طرح متاثر ہوئے جنہیں مقامی افراد نے نشتر اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ممتاز بی بی اور اس کی 14 سالہ بیٹی صبا کی حالت تشویش ناک ہے۔