• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عوام کی جیبوں سے 7 سو ارب نکالنے کا منصوبہ بناچکے، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے عام آدمی کیلئے فی الفور نرخوں میں کمی کا اعلان کیا جائے، وزیراعظم عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں،عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے۔پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھنے سے بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی سے برآمدات کا شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ سے کھاد بھی مہنگی ہو سکتی ہے جس سے زراعت سے وابستہ ملک کی 43 فیصد افرادی قوت اور جی ڈی پی کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوگا۔ بلاول بھٹو نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب آدمی پر معاشی بم گرانے کے بجائے اپنی جہازی سائز کابینہ کے شاہانہ خرچے کم کریں، آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا، وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں۔

تازہ ترین