راولپنڈی(نمائندہ جنگ) قتل مقدمات کے دس ملزم بری جبکہ منشیات مقدمات میں دو مجرموں کو سزا تیسرے کو رہائی مل گئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے تھانہ چونترہ میں درج قتل کیس کے چھ ملزمان ظہور خان وغیرہ کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد عارف خان نیازی نے تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ میں بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں ملوث ملزم علی سلیمان اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فرخندہ ارشد اعوان نے 26جولائی 2016 کو تھانہ آر اے بازار کے علاقہ میں ضلع کچہری میں نائب قاصد کی ڈیوٹی دینے والے صاحب داد کو سابقہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کے مقدمے میں ملوث ملزمان شمس الرحمان، ثناء اللہ اور رفیع اللہ کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ ادھر تھانہ وارث خان میں درج منشیات کیس کے مجرم دولت خان کو پندرہ ماہ پروبیشن کی سزا ملی۔ ایڈیشنل ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عبدالقیوم بھٹہ نے تھانہ بنی میں درج منشیات کیس کے مجرم عمران کاظمی کو ایک سال پروبیشن کی سزا سنائی ، تھانہ مورگاہ میں درج منشیات کیس کے ملزم شیر عالم کو بھی جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا گیا۔