غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوج نے تباہی پھیلادی، پورے علاقے کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا، اس ملبے کے ڈھیر پر کھڑے فلسطینی صحافی کی پرسوز آواز میں اذان دینے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
صحافی جہاد ابو شمالہ نے شملی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی تباہی کی ایک جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ابو شمالہ ایک تباہ شدہ گھر کے ملبے پر کھڑے ہو کر اذان دے رہے ہیں۔
کبھی گہما گہمی سے بھرپور یہ علاقہ اب ملبے کے ڈھیر میں بدل چکا ہے اور تباہی کا یہ سلسلہ حد نگاہ تک پھیلا ہوا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق غزہ پر 15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 46 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔