پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اینکر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے طلاق کی تصدیق کردی، عامر لیاقت نے دوسری شادی طوبیٰ عامر سے کی۔
بشریٰ اقبال کی جانب سے ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے تصدیق کی ہے کہ عامر لیاقت انہیں طلاق دے چکے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میرے خیال میں یہ وقت میرے سابقہ شوہر عامر لیاقت حسین کے ساتھ میرے تعلقات کی وضاحت کا ہے، انہوں نے مجھے طلاق دے دی ہے۔‘
بشریٰ اقبال نے کہا کہ ’مجھے طلاق دینا ایک الگ بات ہے لیکن طوبیٰ کو کال پر لے کر اس کی درخواست پر ایسا کرنا میرے اور بچوں کے لیے بہت تکلیف دہ اور صدمے کی بات تھی۔‘
سیدہ بشریٰ اقبال نے مزید لکھا کہ ’میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہوں۔‘
میزبان فرح سعدیہ نے ان کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک بات ہے لیکن آپ ایک بہادر ماں ہیں ۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ طلاق شدہ خواتین اور ان کے بچے بغیر کسی وجہ کے ایک تکلیف دہ عرصے سے گزرتے ہیں۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی طوبیٰ عامر سے ہوئی۔