ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکنزی اسکاٹ نے دوسری شادی کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکنزی اسکاٹ امریکی شہر سیٹل سے تعلق رکھنے والے استاد ڈین جیوٹ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔
ڈین جیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں اپنی زندگی میں سب سے زیادہ بےلوث محبت کرنے والی شخصیت سے شادی کررہا ہوں۔‘
خیال رہے کہ جیف بیزوس سے طلاق کے بعد میکنزی کی زیر ملکیت آن لائن ریٹیل ویب سائٹ ایمیزون کا چار فیصد حصہ آیا تھا، یہ حصہ35 اعشاریہ 6 ارب امریکی ڈالر کے لگ بھگ تھا جس سے وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون اور 24ویں امیر ترین شخصیت بن گئی تھیں۔
میکنزی اسکاٹ کون ہیں؟
48 سالہ میکنزی کے ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے چار بچے ہیں۔ ان کی ملاقات 1993میں ہوئی۔
میکنزی ایک کامیاب ناول نگار ہیں اور دو کتابوں کی مصنفہ ہیں۔ وہ پرنسٹن یونیورسٹی میں پُلٹزر انعام یافتہ مصنف ٹونی موریسن کی شاگرد رہیں۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی میکنزی اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے ایمیزون کے ابتدائی ملازمین میں سے ایک تھیں۔
انہوں نے دو کتابیں بھی لکھی ہیں جن کو ناقدین سے کافی پزیرائی ملی اور انھوں نے ناول نگار ٹونی موریسن سے ٹریننگ بھی حاصل کی ہے جنہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کی سب سے اچھی شاگردوں میں سے ایک ہیں۔ میکنزی کا جیف بیزوس سے شادی سے پہلے نام میکنزی ٹٹل تھا۔
میکنزی نے نسلی امتیاز کے خاتمے، صحت عامہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی مد میں ایک اعشاریہ 7 بلین ڈالر کی خطیر رقم عطیہ بھی کی تھی۔