وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم جاوید لطیف کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کے دوران کیا، پینل میں ن لیگ رانا ثنا اللّٰہ اور پیپلز پارٹی کے کامران مرتضی شامل تھے۔
شبلی فراز نے کہا کہ قانون سے مبرا کسی کو نہیں ہونا چاہیے، ماضی میں لوگوں نے اقتدار کو ذاتی فائدے کیلئے استعمال کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح کہہ دیا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، اگر ہم دہرا معیار رکھیں تو ہمارا حکومت میں رہنے کا جواز نہیں بنتا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ چاہتے ہیں اشرافیہ قانون سے بالاتر ہو، ن لیگ نے یہاں حکومت کی ہے، یہ کس سے گلہ کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جتنےبھی وینٹی لیٹرز بنتے ہیں ان کو ڈریپ اپروو کرتاہے، تین چار کمپنیاں وینٹی لیٹرز تیار کررہی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں، ہمارے وینٹی لیٹرز بین الاقوامی معیار کے ہی ہوں گے۔