اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کی بگڑتی معاشی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اہم مسائل کرپشن اور بیڈ گورننس ہیں، پاکستان کی پچاس سے ساٹھ فیصد آبادی انتہائی مخدوش حالات میں گزر بسر کر رہی ہے۔ کورونا سے اگرچہ مجموعی طور پر ایک بحران آیا، لیکن حالات اس سے قبل بھی سازگار نہ تھے۔ پی ٹی آئی کے عرصہ اقتدار میں بے روزگاری کی شرح اوپر گئی، لاکھوں نوجوان ڈگریاں اٹھائے نوکریوں کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔ ملک میں افراتفری کا عالم ہے اور نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہو چکا ہے کیوں کہ انھیں اپنا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔