پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی جانب سے امتحانات ملتوی ہونے پر بچوں کو مبارکباد دی ہے۔
عاصم اظہر نے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور امتحانات ملتوی کرنے کے فیصلے پر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
عاصم اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں طلبہ سے درخواست کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’اب خدا کا واسطہ ہے دوستوں سے ملنا جلنا شروع نہ کردینا اور نہ ہی پارٹیز کرنا۔‘
گلوکار نے طلبہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’گھر پر بیٹھنا ہے جب تک کہ ہم کورونا وائرس سے چھٹکارا نہیں حاصل کرلیتے۔‘
خیال رہے کہ گلوکار عاصم اظہر نے حکومت کے امتحانات لینے کے فیصلے پر تنقید کی تھی اور کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے امتحانات منسوخ کرنے کے بارے میں غور کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
دوسری جانب وفاق وزیر تعلیم شفقت محمود نے 15 جون تک ہر قسم کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں شفقت محمود نے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں15 جون تک ہر قسم کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔