کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے حلقے این اے 249میں کروائے گئے تین میں سے دو سرویز میں حلقے کے عوام سابق ایم این اے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے غیر مطمئن نظر آئے جبکہ ایک سروے میں عوام کی اکثریت نے فیصل واوڈا کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا، حلقے کے زیادہ تر لوگ سابق ایم این اے سے ناواقف بھی نظر آئے۔
اس بات کا پتہ گیلپ پاکستان ، پلس کنسلٹنٹ اوراپسوس کے سروے سے چلا جس میں این اے 249 کے حلقے سےمجموعی طور پر 3ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حصہ لیا، تینوں سرویز 10اپریل سے 20اپریل 2021ء کے درمیان کئے گئے۔
گیلپ پاکستان اور اپسوس کے سروے میں حلقے کے عوام کی اکثریت سابق ایم این اے کی کارکردگی سے نالاں نظرآئیں۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں 83فیصد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا کہا جبکہ 11فیصد نے مطمئن ہونے کا بتایا۔
اپسوس کے سروے میں 75فیصد کارکردگی سے غیر مطمئن تو 9فیصد نے فیصل واوڈا کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کابتایا ۔
اس کے برعکس پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 77؍ فیصد فیصل واوڈا کی بطور ایم این اے کارکردگی سے اطمینان نظر آئے ۔ جبکہ 13فیصد نے غیر مطمئن ہونے کا کہا۔تینوں سرویز میں یہ بھی دیکھا گیا کے حلقے این اے 249کے زیادہ تر عوام ایم این اے سے ناواقف نظر آئے ۔
گیلپ پاکستان کے سروےمیں 58فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 65فیصد جبکہ اپسوس کے سروے میں 69فیصد نے حلقے کے سابق ایم این اے کے بارے میں نہ جاننے کا کہا۔
جن افراد نے سابق ایم این اے کے بارے میں جاننے کا کہا اس میں گیلپ پاکستان کے سروے میں 84؍ فیصد ، پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 90فیصد جبکہ اپسوس کے سروے میں 28فیصد نے فیصل واوڈا کو بطور ایم این اے پہچانا۔