• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بیروزگاری، مہنگائی: وزیراعلیٰ بزدار کیلئے بڑا چیلنج

جمہوری معاشرے میں ریاست کی خوشحالی سے مراد ہرگز یہ نہیں کہ حکومت وقت کے پاس مال و دولت ہو اور ریاست کی عوام چاہے بے بسی کی تصویر بنی ہو ہمارے ہاں تو نظام ہی الٹا ہے ایک طرف تو مہنگائی اور بےروزگاری سے ستائے عوام کی آہ و بکا جبکہ دوسری طرف حکومت وقت کا رونا بھی ختم نہیں ہوتا حکومت اس وقت تک خوشحال اور مستحکم نہیں ہو سکتی جب تک کہ عوام کی خوشحالی، مہنگائی اور بےروزگاری کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جاتے اس وقت خوشحالی تو درکنار قیامت خیز مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں عوام زندہ درگور ہیں اس حالات میں کرونا وائرس نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ 

کرونا کے باعث روزگار کے مواقع محدود نہیں بلکہ نہ ہونے کے برابر ہو چکے ہیں بزدار حکومت نے اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے رمضان المبارک میں پنجاب میں 314 رمضان بازار عوام کی روزمرہ کی ضروریات اور اشیائے خوردونوش کو کنٹرول پرائس پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے لگائے گئے ہیں بزدار حکومت کا تقریباً ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے اب خالی بلند وبانگ دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں عوام سے کئے گئے وعدوں کو اگر عملی جامہ نہ پہنایا گیا تو پی۔ٹی۔آئی اپنی اکثریت پنجاب میں کھو سکتی ہے اس لئے وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اب ضروری ہے کہ اپوزیشن کے خلاف سیاسی محاذ آرائی کے بجائے گڈ گورننس، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے پر دھیان دینا چاہیے۔ 

عوام سے کئے گئے وعدوں میں صرف وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ہی پی۔ٹی۔آئی کی حکومت کے کچھ وعدے پورے کرتا نظر آ رہا ہے جس میں وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید لاہور سمیت پنجاب بھر میں بے گھر افراد کے لیے گھروں کی تعمیر پر دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ بزدار حکومت کی وزارت ہائوسنگ کیلئے یہ کوئی اللہ کی طرف سے رحمت ہے کہ اس وقت ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ میں کچھ افسران بہت ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل ہیں جس میں سیکرٹری ہائوسنگ ڈاکٹر ظفر نصراللہ کمال صلاحیتوں کے مالک ہیں کرونا مثبت آنے کے باوجود وزیراعظم کے منصوبے پر متزلزل ہوئے بغیر بیماری میں بھی اس ہی جوش اور تن دہی سے لگے رہے یہ ڈاکٹر ظفر نصر اللہ کی محنت کا ہی ثمر ہے کہ پنجاب کے کئی شہروں میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ 

یہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید اور چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک کے اعتماد ہی کی بدولت ہے کہ اس منصوبے میں وہ جان فشانی سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کےنیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کیلئے چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک براہ راست سیکریٹری ہائوسنگ ڈاکٹر ظفر نصراللہ کی راہنمائی کرتے ہوئے تمام تر بیوروکریٹک مسائل کو سپیڈی حل کروا رہے ہیں ۔ 

ویسے یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ وزیراعظم کے نیا پاکستان ہاؤسنگ کے منصوبے کی وجہ سے کنسٹرکشن سیکٹر میں تیزی آنے کے باعث صوبے بھر میں پرائیویٹ سیکٹر میں ہزاروں کی تعداد میںروزگارکے نئے مواقع پیدا ہورہےہیں ،جس سے بیروزگاری میں بھی کسی حد تک کمی متوقع ہوسکتی ہے۔ 

نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نےفاسٹ ٹریک پر کام شروع کردیا ہے ، جس کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ روائتی بیوروکریسی سے ہٹ کر دیئے گئے ہدفِ کو پورا کرنے کی مکمل مہارت رکھتے ہیں ۔جس کی حالیہ مثال نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس کا منصوبہ ہے ،جیسے ایل ڈی اے سٹی میں شروع کیا گیا ہے جس کے شفاف طریقے سے ٹینڈر نگ کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے ۔منصوبےکا افتتاح بھی وزیراعظم پاکستان عمران خان کر چکے ہیں۔

35ہزار اپارٹمنٹس کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں 4 ہزار فلیٹس بنائے جا رہے ہیں جن کی درخواستوں کی وصولی کے بعد کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی بھی کروائی جا چکی ہے۔ تاہم ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کو اپنے شعبہ انجینئرنگ سے مزید اچھے نتائج حاصل کرنے کے لئے کچھ اصلاحات کرنا ناگزیر ہیں۔

دوسرا اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کیا جاسکتا کہ بے شمار پیچیدگیوںکے باوجود ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس منصوبے کو شروع کروانے میں وائس چیئرمین ایس ایم عمران کا بہت بڑا کردار ہے جنہوں نے اپنی تمام تر کاروباری مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے منصوبہ کو مکمل کروانے کی ٹھان رکھی ہے۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ حکومت کا پیسہ خرچ کروائے بغیر موڈگیج پالیسی کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کو گھروں کا مالک بنانے کا منصوبہ تیار کروایا ہے۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اور ڈی جی احمد عزیز تارڑ کی کوششوں کی بدولت یورپ اور امریکہ کی طرز پر کوئی بھی کم آمدنی والا بے گھر موڈگیج پالیسی کے تحت 5سال سے 20سال پر محیط آسان اقساط پر اپنے گھر کا مالک بن سکتا ہے۔

اس منصوبے کی خوبصورتی یہ ہے کہ اپارٹمنٹ کی چابی ملنے کے بعد ماہانہ آسان اقساط کا آغاز ہوگا۔ ایس ایم عمران نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت ایل ڈی اے میں ایسی اصلاحات کروائی ہیں کہ جس سے کنسٹرکشن سیکٹر میں جدت اور تیزی آئی ہے۔ امید ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹس منصوبے کی تکمیل سے پی ٹی آئی کی لاہور میں پوزیشن بھی مستحکم ہوگی۔

تازہ ترین
تازہ ترین