• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابا! آپ کی آواز کو سُنے طویل عرصہ گُزر گیا: پریسا صابری

دُنیا بھر میں مقبولیت رکھنے والے معروف قوال امجد صابری کی چھوٹی بیٹی پریسا صابری نے والد کی پانچویں برسی پر اُنہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں اپنے والد کی آواز سُنے ہوئے طویل عرصہ گُزر گیا ہے۔

پریسا صابری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد کے ہمراہ لی گئی اپنے بچپن کی کچھ حسین یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویروں میں پریسا صابری بہت چھوٹی نظر آرہی ہیں۔

پریسا صابری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بابا! مجھے وہ تمام حسین لمحات یاد ہیں جو میں نے آپ کے ساتھ گُزارے تھے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اگر مجھے آپ سے بات کرنے کا ایک موقع ملے تو میں آپ کو بتاؤں گی کہ آپ میرے لیے اور باقی سب کے لیے کس قدر اہم ہیں۔‘

امجد صابری کی بیٹی نے کہا کہ ’بابا! میں نے ایک طویل عرصے سے آپ کی آواز نہیں سُنی۔‘

پریسا صابری نے لکھا کہ ’میں اب بھی یقین نہیں کرسکتی کہ آپ کو اس دُنیا سے رخصت ہوئے پانچ سال ہوگئے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’بابا! آپ کے بغیر زندگی گُزرنا بہت مشکل ہے اور گزشتہ پانچ سال ہم سب کے لیے انتہائی تکلیف دہ رہے ہیں۔‘

پریسا صابری نے مزید لکھا کہ ’ہم آپ کو بہت زیادہ یاد کرتے ہیں، آپ میرے سب سے اچھے دوست تھے۔‘

واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو شام تقریباََ 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پرنامعلوم افرا د نے فائر نگ کی۔امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔

محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔

تازہ ترین