• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امجد صابری کے بڑے بیٹے کی مقبولیت میں اضافہ

لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بڑے صاحبزادے مجّدد صابری نے سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امجد صابری کے بڑے بیٹے مجّدد صابری کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود آفیشل اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد سات ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

اس ضمن میں مجّدد صابری نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پروفائل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔

مجّدد صابری نے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافے پر اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

امجد صابری کے بیٹے کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو اُنہوں نے اب تک 37 پوسٹس کی ہیں جن میں اُن کی تصاویر اور والد کے ہمراہ ماضی کی حسین یادیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مجّدد صابری نے اپنے مرحوم والد کے وہ میسج سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے جس میں وہ اپنی اہلیہ کے لیے گانا گنگناتے تھے۔ 

اُن وائس میسجز میں مرحوم امجد صابری اپنی اہلیہ کے لیے معروف بھارتی گیت ’زندگی امتحان لیتی ہے‘ کے چند سطر اپنی خوبصورت آواز میں گنگنا رہے تھے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریباََ 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔ امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔

محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔  

خیال رہے کہ قوم کا فخر اور دُنیا بھر میں شہرت پانے والے نامور قوال امجد صابری تو انتقال کرگئے ہیں لیکن ان کی میراث ان کے بچوں کے ذریعے چلتی رہے گی اور اس ضمن میں ان کا بڑا بیٹا مجّدد صابری اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے کے لیے تیار ہے۔

تازہ ترین