لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بڑے صاحبزادے مجّدد صابری نے اپنے مرحوم والد کو کاپی کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
مجّدد صابری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے مرحوم والد امجد صابری کی ایک نایاب ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ڈرائیو کرتے ہوئے اپنی سحر انگیز آواز میں بالی ووڈ گانا ’ہم کو تُم سے ہوگیا ہے پیار کریں‘ گنگنا رہے ہیں۔
امجد صابری کی ویڈیو ختم ہونے کے بعد اُن کے بیٹے مجّدد صابری کی ویڈیو کا آغاز ہوتا ہے جس میں وہ بھی اپنے والد کا اسٹائل اپناتے ہوئے ڈرائیو کررہے ہیں۔
ویڈیو میں مجّدد صابری اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی سُریلی آواز میں بالی ووڈ کا مقبول ترین گانا ’دولہے کا سہرا‘ گنگنا رہے ہیں۔
مجّدد صابری نے یہ خوبصورت ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اور یہاں میں ابّا کو کاپی کرتے ہوئے۔‘
امجد صابری کے بیٹے کی اس پوسٹ کو مرحوم کے چاہنے والے خوب پسند کررہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اُن کے بیٹے کی گائیکی کی تعریف بھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریباََ 4 بجے کے قریب قوال امجد صابری پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔ امجد صابری کے سر پر گولیاں لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی تھی۔
محبتیں بانٹنے والے خوبصورت انسان اور بہترین گائیک امجد صابری کو کراچی میں دہشت گردوں نے ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا، امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔
خیال رہے کہ قوم کا فخر اور دُنیا بھر میں شہرت پانے والے نامور قوال امجد صابری تو انتقال کرگئے ہیں لیکن ان کی میراث ان کے بچوں کے ذریعے چلتی رہے گی اور اس ضمن میں ان کا بڑا بیٹا مجّدد صابری اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے کے لیے تیار ہے۔