• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم اور یورپی یونین میں پاکستانی سفیر کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری

بیلجیئم، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ چوتھی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کچہری کے آغاز میں سفیرِ پاکستان نے تمام کمیونٹی ممبران کو رمضان کریم کی مبارکباد دی اور ان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔

سفیر پاکستان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ سفارت خانہ کمیونٹی کے ساتھ قریبی روابطے اور ہر طرح کی ممکنہ مدد اور خدمات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اس سلسلے میں سفیرِ پاکستان نے درخواست دہندگان کی سہولت کے لئے خصوصی طور پر تعینات کیے گئے عملے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

سفیرِ پاکستان نے کمیونٹی کے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر بھرپور اعتماد کو سراہا اور بتایا کہ بیلجیئم سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلات زر گزشتہ برس سے 275 فیصد اضافے کے ساتھ 176.9 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سفارتخانہ اسلامی بینکاری کی روشنی میں ایک اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ویبنار منعقد کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔

سفارتخانے کے ساتھ کمیونٹی بالخصوص طلباء کی رجسٹریشن مہم شروع کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ طلباء رجسٹریشن کریں گے۔ بات چیت کے دوران، کمیونٹی ممبران نے ویزا، اوورسیز این آئی سی اور پاسپورٹ کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔

سفیر نے تجاویز کا خیرمقدم کیا اور ان پر عمل درآمد کا یقین دلایا۔ کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔

ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے شرکت کی، جن میں اکیڈمیا، تاجر، سماجی خدمات اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوئے۔


سفارت خانہ پاکستان برسلز ، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی تعلقات کو برقرار رکھنے اور ہموار خدمات کی فراہمی کے لئے باقاعدگی سے رابطہ رکھتا ہے۔

تازہ ترین