کوئٹہ ( نامہ نگاران) بلوچستان کے سرحدی شہر تفتان سے چمن تک بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ تفتان سےنامہ نگار کے مطابق تفتان میں ایران کی طرف سے ایک ت بڑا سیلابی ریلا داخل ہوگیا ۔ جس کی وجہ سے تفتان میں امگریشن آفس کسٹم ہاوس اور ریلوے اسٹیشن میں پانی بھر گیا۔ کسٹم میں ویٹ لیفٹنگ میں پانی بھر نے سے تجارت معطل ہو گئی اور تاجروں کا سامان سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ ریلوے کالونی میں پانی آنے سے مکین مشکلات سے دوچار ہوگیے ہیں۔ سیلابی ریلہ آنے سے تفتان شہر میں ہر طرف پانی ہی پانی کھڑا ہوگیا۔ پاک ایران سرحدی علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی ہیں۔ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے تا ہم گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔پشین شہر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے۔بارش کے باعث روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ملحقہ علاقوں یارو، بوستان، سرانان، حرمزئی اور برشور سمیت دوسرے مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔ بارش سے قبل پشین شہر سمیت کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنےکے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں گرمی کی شدت کم ہوئی اور روزہ داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ نوکنڈی میں گرج چمک کیساتھ بارش ہونے سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں بھی کمی ہو گئی ہے۔ چمن شہر اور گرد ونواح میں پیر کو بارش کاسلسلہ پورا دن وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے موسم میں سردی کی شدت بڑھ گئی اور موسم خوشگوار ہوگیا بارش کے ساتھ ہی گرمی کازور ٹوٹ گیا اورموسم خوشگوار ہوگیا۔