کراچی (رفیق مانگٹ ) دنیا کے چوتھے امیرترین شخص بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس نے 27سال بعد شادی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ان کی دولت کا تخمینہ 224کھرب روپے لگایا ہوگیا ہے،فوربز کے مطابق ان کی دولت 130ارب ڈالر جبکہ بلوم برگ انڈیکس کے مطابق ان کی دولت کا تخمینہ146ارب ڈالر ہے۔
یہ واضح نہیں کہ اثاثہ جات کی تقسیم کا پہلے سے کوئی معاہدہ ہے،کیونکہ جوڑا واشنگٹن میں رہائش پزیر ہے جہاں قانون کے مطابق اگر پہلے سے معاہدہ نہ ہو تو اثاثہ جات کی تقسیم مساوی ہوگی۔ اگر ایسا ہوا تو ملینڈا کو ایک سو کھرب روپے(65عشاریہ25ارب ڈالر) ملیں گے جو دنیا کی مہنگی ترین طلاق ہوگی۔
اس سے پہلے دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور میکینزی کے درمیان 2019میں طلاق میں انہیں 55کھرب روپے( 35 عشاریہ چھ ارب ڈالر) سے زیادہ ملے اور اب وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون ہے۔
گیٹس امریکا میں زرعی زمین کا سب سے بڑا مالک ہے اٹھارہ مختلف ریاسٹوں میں دو لاکھ بیالیس ہزار ایکڑ زمین ہے پانچ ریاستوں میں ان کے گھر ،جہازوں اور کاروں کا بیڑا جس میں 20لاکھ ڈالر کی پورشے، آرٹ کا مجموعہ ہے۔فوربز میگزین کے مطابق بل گیٹس سے قبل مہنگی ترین طلاق جیف بیزوس اور میکینزی کے درمیان ہوئی انہیں 55کھرب روپے( 35 عشاریہ چھ ارب ڈالر) سے زیادہ ملے، دوسرے پر امریکی ارب پتی بل گراس اور سو گراس کے درمیان جس میں سو گراس کو دوکھرب روپے(ایک عشاریہ تین ارب ڈالر) ملے۔
تیسرے پر تیل کے کاروبار سے منسلک ارب پتی ہارلڈ ہم اور سو این آرنل کے درمیان ہوئی جس میں سو این کو ڈیڑھ کھرب روپے(975 ملین ڈالر) ملے۔چوتھے پر کیسنو کے مالک اسٹیو اور ایلین وائن کے درمیان ہوئی جس میں ایلین وائن کوایک کھرب30ارب روپے(850 ملین ڈالر) ملے۔
پانچویں پر والٹ ڈزنی کمپنی کے مالک رائے ایڈورڈ ڈزنی اور پیٹریشیا ڈزنی کے درمیان طلاق ہوئی جس میں پیٹریشا ڈزنی کو92ارب روپے (چھ سو ملین ڈالر) ملے۔