• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید تکنیک سے پہلی بار بنائی گئی ’’حجر اسود‘‘ کی حیرت انگیر تصاویر جاری

جدید تکنیک سے پہلی بار بنائی گئی ’حجر اسود‘ کی حیرت انگیر تصاویر جاری


کراچی(جنگ نیوز، مانیٹرنگ نیوز)خانہ کعبہ کے جنوب مشرقی حصے پر موجود ’’ حجراسود ‘‘کی جدید تکنیک کے ذریعے پہلی بار بنائی گئی حیرت انگیز تصاویر جاری کردی گئیں،’’فوکس اسٹیک پینوراما‘‘نامی تکنیک سے 7گھنٹے تک عکس بندی ، 1050تصاویر لی گئیں،اکٹھا کرنے میں 50 گھنٹے لگے، 49ہزار میگا پکسلز پر مشتمل تصاویر ادارہ امور حرمین شریفین نے جاری کیں، تصاویر میں کالے اور سرخ رنگ کا خوبصورت امتزاج نظرآیا۔غیرملکی میڈیاکےمطابق مکہ مکرمہ کے ادارہ امور حرمین شریفین کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس سے ایسی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جنہیں اب تک حجراسود کی انتہائی باریک بینی سے بنائی گئی تصاویر میں شمار کیا جا رہا ہے۔رئاسۃ شؤون الحرمين کے مطابق ’فوکس اسٹیک پینوراما‘ نامی فوٹوگرافی تکنیک کے ذریعے بنائی گئی ان تصاویر کی 7گھنٹے تک عکس بندی کی گئی اور ان تصاویر کو اکٹھا کرنے میں تقریباً 50 گھنٹوں کا وقت لگا ہے،اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف تصاویر کو جوڑ کر ایک انتہائی مستند تصویر بنائی جاتی ہے جس کی کوالٹی بہترین ہوتی ہے اور اس کے ذریعے تصویر کی باریکیوں پر بھی بخوبی نظر ڈالی جا سکتی ہے۔اس تکنیک کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ یہ تصویر بنانے میں سات گھنٹے صرف ہوئے،اس دوران 1050 فاکس سٹاک پینوراما بنائے گئے اور بالآخر 50 گھنٹوں کی پراسیسنگ کے بعد جو تصویر سامنے آئی وہ 49 ہزار میگا پکسلز پر مشتمل تھی،اس پتھر کی وضع انڈے جیسی ہے جس میں کالے اور سرخ رنگ کا خوبصورت امتزاج ہے، اس کا قطر تقریباً 30سینٹی میٹر ہے اور یہ خانہ کعبہ کے جنوب مشرقی کونے پر دیوار کے ساتھ جڑا ہوا ہے،ان تصاویر کے سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی اکثر صارفین اس پتھر کی خوبصورتی کے حوالے سے تبصرے کیے تو کسی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اب میں حجر اسود کو سپر ریزولوشن میں دیکھ سکتا ہوں، اسی تکنیک کی مدد سے مقام ابراہیم کی تصاویر بھی بنائی گئیں جب کہ مقام ابراہیم کی اس قدر شفاف تصویریں بھی پہلی مرتبہ سامنے آئی ہیں۔

تازہ ترین