• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں بڑھتی مہنگائی عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے۔

بلاول بھٹو کا ملک میں بڑھتی منہگائی کے حوالے سے جاری بیان میں کہنا ہے کہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، کم آمدنی والے گھرانے کیلئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے، گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافہ کیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ  اس کا مطلب عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے، ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ ہوا، عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے، عام آدمی آخر کہاں جائے؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں صرف کھانے پینے کی اشیا 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں، ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک اضافہ ثبوت ہے کہ عمران خان مہنگی مافیا کے سرغنہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام پس رہے ہیں، عمران خان کے سرمایہ دار دوست مہنگائی کرکے پیسہ بنارہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے بدترین مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجراء کیا ، سندھ کے چھ لاکھ رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں کو پہلے مرحلے میں بینظیر مزدور کارڈ کا اجراء ہوگا، مہنگائی کے دنوں میں لاکھوں خاندانوں کی زندگی آسان بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام محنت کشوں کو دوسرے مرحلوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجراء ہوگا، محنت کشوں کو بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے میڈیکل گرانٹ مہیا کی جائے گی، محنت کشوں کو بچوں کے تعلیمی اخراجات اور شادی کیلئے بھی کارڈ کے ذریعے گرانٹ دی جائے گی، مزدور کارڈ کے ذریعے رہائشی اسکیموں میں خصوصی رعایت ملے گی۔

تازہ ترین