• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹامپ پیپر کی جگہ بار کوڈ والے سفید کاغذ کااستعمال ، قصور سے آغاز ہوگیا

لاہور (آصف محمود سے) پنجاب بورڈ آف ریونیو نے صوبے میں جائیداد کی رجسٹریوں اور دیگر قانونی مقاصد کے لئےواٹر مارک والے چھپے ہوئے اسٹامپ پیپرز کی جگہ بار کوڈ والے سفید کاغذ کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے سرکاری خزانے کو سالانہ تقریباً ایک ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔ بورڈ آف ریونیو نے سب سے پہلے ضلع قصور میں ایسے سفید کاغذ کو اسٹامپ پیپر کے متبادل کے طور پر استعمال میں لانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وائٹ پیپر کی قیمت اسٹامپ پیپر جتنی ہی ہو گی اور اس پر بار کوڈ، کیو آر کوڈ اور الفا نیومیریکل کوڈ پرنٹ ہوں گے. کمپیوٹرائزڈ ہونے کی وجہ سے یہ وائٹ پیپر کسی وقت بھی ٹریس کیا جا سکے گا۔ بورڈ آف ریونیو نے رجسٹریوں کے ریکارڈ کو بھی ڈیجیٹلائز کر دیا ہے جس سے سینئر اور جونیئر رجسٹریوں کے حوالے سے قانونی پیچیدگیوں اور تنازعات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے جنگ کو بتایا کہ ہر جائیداد کی رجسٹری فوری طور پر کمپیوٹر پر اَپ لوڈ کی جائے گی اور اسی وقت جائیداد کا انتقال درج کیا جائے گا۔ رجسٹریوں کے لئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بورڈ آف ریونیو میں 300تحصیلدار اور نائب تحصیلداروں کی بھرتی کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو دوبارہ خط لکھ دیا ہے۔ تحصیلداروں کو مزید اختیارات دیئے جا ئیں گے۔ بابر حیات تارڑ نے کہا کہ 1920کے بعد پہلی مرتبہ پنجاب کے تمام اضلاع کےگزیٹیر تیار کئے جا رہے ہیں. گوجرانوالہ، قصور، ڈیرہ غازی خان اور نارووال نے اس حوالے سے اپنا تمام ڈیٹا اکٹھا کر کے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر لیا ہے. کام مکمل ہونے پر دنیا بھر سے کوئی بھی شخص پنجاب کے کسی بھی ضلع کے رسم و رواج، رہن سہن روایات کلچر سمیت اہم معلومات ایک کلک سے دیکھ سکے گا۔
تازہ ترین