• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے علاقے کلفٹن کے شاپنگ مال میں سونار کی دکان میں چوری کا ڈراپ سین، پولیس نے آئی آئی چندریگر روڈ پر تجارتی مرکز میں کارروائی کرتے ہوئے 3 کلو سونا برآمد کرلیا۔ مدعی آصف اور اس کے ساتھی وسیم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم آصف نے خود دکان سے سونا غائب کروا کے چوری کا ڈرامہ رچایا، دکان سے 10 کلو نہیں، 3 کلو سونا لے جایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد دیگر 15 دکانوں کی سی سی ٹی وی وڈیوز حاصل کی گئیں، تفتیش کے دوران مشتبہ 15 افراد کا کال ریکارڈ بھی چیک کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ مدعی و مرکزی ملزم آصف اور اس کے ساتھی وسیم کی نشاندہی پر مارا گیا، تجارتی مرکز میں ملزم وسیم کے دفتر سے سونا برآمد کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دکان کے مالک محمد آصف نے کلفٹن تھانے میں سونا چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

مقدمے کے مطابق مدعی کا کہنا تھا کہ 3 مئی کو افطار سے قبل اپنی دکان بند کرکے گھر چلا گیا تھا، گزشتہ روز جب دکان پہنچا تو چار تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ دکان میں موجود 10 سے 12 کلو کے قریب سونے کے زیورات چوری ہوئے۔

تازہ ترین