• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا کے ڈاکٹر علی اکبر کا کورونا سے انتقال



خیبرپختونخوا میں کورونا سے ڈاکٹر علی اکبر انتقال کرگئے ، وہ ڈی ایچ کیواسپتال مٹہ سوات میں بطور سینئر میڈیکل آفیسر تعینات تھے۔

ڈاکٹر علی اکبر 2 ہفتوں سے اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 66 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 298 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 140 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 631 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح ساڑھے 9 فیصد ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 677 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 44 ہزار 846 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 21 لاکھ 1 ہزار 832 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 22 ہزار 520 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں اب تک کُل اموات 3 ہزار 537 ہو گئیں۔

تازہ ترین