• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنبل آپا کی آواز میں میڈم نور جہاں کے گیت سُن کر بڑی ہوئی ہوں: تارہ محمود

ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی بیٹی تارہ محمود نے کہا ہے کہ مرحومہ سنبل شاہد کی خوبصورت آواز میں ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کے گیت سُن کر بڑی ہوئی ہیں۔

تارہ محمود نے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والی سینئر اداکارہ سنبل شاہد کی یاد میں اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اُن کی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں سنبل شاہد ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہی ہیں۔


اداکارہ نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں اپنی پیاری سنبل آپا کی سُریلی آواز میں میڈم نور جہاں کے گیت سُن کر بڑی ہوئی ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’فیملی تقریبات میں سنبل آپا کی آواز میں گیت سُننا میرے بچپن کی سب سے خاص یاد ہے۔‘

تارہ محمود نے کہا کہ ’میں آخری بار میرے ایک ڈرامہ کے سیٹ پر سنبل آپا سے ملی تھی اور مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ ہماری آخری ملاقات ہوگی۔‘

اداکارہ نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں یقین نہیں کرسکتی ہوں کہ آپ ہم سے دور چلی گئیں ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سنبل آپا ہمیشہ میری یادوں اور دُعاؤں میں شامل رہیں گی، اللّہ پاک آپ کو جنت الفردوس عطا کرے، آمین۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے عالمی وبا کورونا کا مقابلہ کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ سنبل شاہد انتقال کر گئیں وہ اداکارہ بشری انصاری اور اسما عباس کی بہن تھیں۔

سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا اور بشریٰ انصاری اور اسما عباس نے عوام سے اپنی بہن کی صحتیابی کیلئے کئی بار دعائوں کی درخواست بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ سنبل شاہد نے جیو کے مقبول ڈراموں ملکہ عالیہ، عشقہ وے میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ سنبل شاہد نے جیو کی ڈرامہ سیریل تاکے کی آئیگی بارات میں تاکے کی ماں کا مقبول کردار نبھایا تھا۔

تازہ ترین