• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن کا پناہ گزینوں کی تعداد چار گنا بڑھانے کا اعلان

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے غیر ملکی پناہ گزینوں کی تعداد کو بڑھا کر ساڑھے 62ہزار کردیا۔ یہ تعداد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے مہاجرین کے لیے مقرر کی گئی سالانہ تعداد15 ہزار سے 4گنا زیادہ ہے۔ صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں مالی سال کے دوران میں امریکا آنے والے تارکین وطن کی تعداد کئی گنا بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتظامیہ کے دور میں مقرر کی گئی تعداد کسی طرح بھی امریکی اقدار کا مظہر نہیں تھی۔ ہم مہاجرین کی حمایت اور خیر مقدم کرتے ہیں۔ ادھر مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں داخلے پر سے پابندیاں ہٹانے کے نتیجے میں تارکین وطن کو بسانے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ نئی انتظامیہ کا ہدف ہے کہ ہر سال امریکا آنے والے مہاجرین کی تعدادایک لاکھ 25ہزار تک لے جائی جائے اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران مہاجرین کے امریکا میں داخلے کی تعداد کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اس اعلان کی کانگریس میں موجود ڈیموکریٹس اور تارکین وطن کے حامیوں نے سخت مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد وائٹ ہاؤس نے یہ بات تسلیم کی کہ پہلے کیے گئے اعلان کا تاثر درست نہیں تھا۔ اپنے بیان میں بائیڈن نے کہا کہ حالیہ اقدام مہاجرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین