• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم عمران خان کا دورہ اہم ترین ہے: سعودی وزیرِ خارجہ

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا ہے کہ پاک سعودی تعلقات کی تاریخ میں وزیرِ اعظم عمران خان کا دورہ اہم ترین ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب میں بہت سے پاکستانی کام کرتے ہیں، یہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان مسلم امہ کو درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وزیرِ اعظم کے دورے میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر توجہ مرکوز تھی، سعودی ولی عہد بھی دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں، دیگر حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے، عالمی برادری کے درمیان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان میں مخصوص پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔

شہزادہ فیصل کا کہنا ہے کہ مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کیئے جائیں گے، سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عمل پیرا ہے، پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کا مقصد سرمایہ کاردوست ماحول بنانےکیلئے اقدامات کا تعین بھی ہے۔


سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مزید پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے خوش آمدید کہیں گے، پاکستانی افرادی قوت کیلئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے جا رہے ہیں، انہیں سعودی قوانین کے تحت سہولتیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان ناصرف پاکستان بلکہ خطے کی سیکیورٹی کیلئے بھی اہم ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کے خطے کی سیکیورٹی اور خوش حالی کے وژن پر معترف ہیں، میں بھی جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

تازہ ترین