کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹرین کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سعودی عرب سے 3 ارب ڈالرز قرضہ لیا اور چین سے پیسے لے کر سعودی عرب کو واپس کیے ہیں اور اس حوالے سے پارلیمنٹ سے پوچھا ہی نہیں گیا، انھوں نے کہا کہ عمران نیازی بحیثیت وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رہا اور وزیراعظم کی طرح ان کی کابینہ کے وزراء بھی کنفیوز بیانات دے رہے ہیں ہیں۔جس وزیراعظم کو یہ غرض نہیں کہ لوگ بھوکے پیاسے، خودکشیاں کر رہے ہیں، مہنگائی کی شرح اتنی حد تک بڑھ گئی اس کا وزیراعظم کی آفس میں رہنا فضول ہے۔ انھوں نے کہا کہ نالائق حکومت کی پالیسیز کی وجہ سے غربت میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے عمران خان ہوش کے ناخن لیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، ایم این اے عبدالقادر مندوخیل ،رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی،ایم پی اے سریندر ولاسائی، تیمور مہر، شہریار بھگت و دیگر انکے ہمراہ تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو بھی دھوکہ دے رہی ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق کوئی پارلیمانی کمیٹی بھی نہیں بنائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی پگڑی اچھالنے کی اجازت وزیراعظم کو نہیں،اگر کوئی کوتاہی کرے تو رپورٹ طلب کی جاتی ہے ۔شازیہ مری نے کہا کہ صوبہ سندھ میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افسران و ملازمین کی تفصیلات کے متعلق نیب کا خط شرمناک عمل ہے جس پر سندھ حکومت نے نیب کو لال جھنڈی دکھا دی ہے اور نیب کے خط سے تعصب کی بو آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیز سب کے سامنے ہیں عمران نیازی عوامی مسائل پر بات نہیں کرتے اور ایک طرف این سی او سی نے تمام چیزیں بند کر رہی ہیں تو دوسری جانب عمران نیازی اپنی عید تعطیلات نتھیاگلی میں گزارنے کی بات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے حکومت کی جانب سے تمام تفریحی مقامات پر پابندی ختم کی گئی ہے جو کہ این سی او سی کے کورونا متعلق ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی اور قابل مذمت عمل ہے ۔ شازیہ مری نے کہا کہ ارسا کی جانب سے تونسا پنجند سے صوبہ سندھ کے حصے کا 2 ہزار کیوسک پانی لیا جارہا ہے اس عمل سے صوبہ سندھ میں قحط سالی کا خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے ہم اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نے عمران نیازی کو عام آدمی کی فکر ہی نہیں ہے مہنگائی نے لوگوں سے خوشی اور خواہش چھین لی ہیں اور آئی ایم ایف کے کہنے پر ملک میں مہنگائی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 249 میں عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کر کے پیپلزپارٹی کو جیتوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اسرائیلی بربریت کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ میں اپنا مضبوط موقف رکھے ، اسرائیل کی جانب سے نماز کے دوران مسجد اقصیٰ پر حملہ کیا گیا جو کہ قابل مذمت ہے اور فلسطینیوں کے ساتھ ظلم کی انتہا کی گئی۔ شازیہ مری نے کہا کہ معصوم کشمیری مودی کے ظالمانہ اقدامات کا سامنا کر رہے ہیں اور کشمیریوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں جبکہ کشمیر پر حکومت کی پالیسی واضح نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی ناقص اور کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔